اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ شام کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف مہم، صرف عام شہریوں کے جانی تحفظ اور اقوام متحدہ کے منشور کی بنیاد پر ہی قابل قبول ہے۔ ذرائع کے مطابق شام کی وزارت خارجہ نے اس بیان میں تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ شامی حاکمیت کو نظرانداز کرکے اس ملک میں داعش گروہ کے خلاف امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی فوجی مداخلت، اعلان جنگ کے مترادف ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ شام، تمام ملکوں کے اقتدار اعلی اور عام شہریوں کے جانی تحفظ نیز اقوام متحدہ کے قوانین کے دائرے میں دہشتگردی کے خلاف مہم سے متعلق عمل میں لائے جانے والے ہر اقدام کا خیرمقدم اور اس سلسلے میں تعاون کرے گا۔اس بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے شامی وزیر خارجہ کو ایک مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امریکہ، دہشتگرد گروہ کے ٹھکانوں کو، جن میں سے بعض، شام میں بھی ہیں اپنے حملوں کا نشانہ بنائے گا۔ واضح رہے کہ الرقہ کے علاقے میں امریکہ کے آج صبح کے حملے میں آٹھ عام شہری مارے گئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲